افغانستان میں گرفتار اقوام متحدہ کے 2 اہلکار ایک ہفتے بعد رہا
نیویارک( مانیٹرنگ ڈیسک) افغانستان میں طالبان حکام کی جانب سے حراست میں لیے گئے اقوام متحدہ کے دو افغان اہلکار ایک ہفتے سے زائد عرصے بعد رہا کر دیے گئے۔اقوام متحدہ کے ترجمان سٹیفن دوجارک نے تصدیق کی کہ دونوں اہلکار خیریت سے ہیں اور اقوام متحدہ کے افغانستان مشن سے وابستہ ہیں۔ انہیں 9 اگست کو ہرات میں حراست میں لیا گیا تھا۔ترجمان کے مطابق اقوام متحدہ کو ان کی گرفتاری کی وجوہات سے باضابطہ طور پر آگاہ نہیں کیا گیا، تاہم اہلکاروں پر عائد الزامات واپس لے لیے گئے ہیں اور انہیں مزید قانونی کارروائی کا سامنا نہیں ہوگا۔اقوام متحدہ نے افغان حکام سے رابطہ جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے اپنے عملے کی سلامتی، استحقاق اور آزادانہ نقل و حرکت یقینی بنانے پر زور دیا ہے۔