آذربائیجان میں سیاحت کی ترقی کیلئے 2026ء تا 2030ء ریاستی پروگرام منظور
باکو( تر کیہ خبر) آذربائیجان کے صدر الہام علییف نے ملک میں سیاحت کی ترقی کیلئے 2026ء سے 2030ء تک ریاستی پروگرام کی منظوری دے دی۔پروگرام کا مقصد مسابقتی سیاحتی مصنوعات متعارف کرانا، سیاحتی شعبے میں انتظامی و ضابطہ جاتی نظام بہتر بنانا، ملک کے مختلف علاقوں میں سیاحت کو فروغ دینا اور مؤثر تشہیری و مارکیٹنگ سرگرمیاں انجام دینا ہے۔صدارتی حکم کے تحت کابینہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ 6 ماہ کے اندر سیاحت سے متعلق قانون میں ترامیم کی تجاویز پیش کی جائیں، جبکہ 3 ماہ میں سیاحتی منصوبوں کیلئے سرمایہ کاری مراعات کے سرٹیفکیٹ جاری کرنے کے طریقہ کار پر نظرثانی کی جائے۔کابینہ ریاستی پروگرام پر عملدرآمد کی نگرانی اور متعلقہ اداروں کے درمیان رابطہ یقینی بنائے گی جبکہ سالانہ بنیادوں پر صدر کو پیش رفت سے آگاہ کرے گی۔وزارتِ ڈیجیٹل ترقی و ٹرانسپورٹ کو بھی 3 ماہ میں فضائی رابطوں کے ذریعے سیاحت کے فروغ سے متعلق تجاویز تیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ریاستی سیاحتی ایجنسی پروگرام پر عملدرآمد کیلئے ضروری اقدامات کرے گی۔