ترکیہ نے اسرائیلی انتخابات میں مداخلت کے الزامات مسترد کر دیے

ترکیہ نے اسرائیلی انتخابات میں مداخلت کے الزامات مسترد کر دیے

استنبول (مانیٹرنگ ڈیسک) قطر کے بعد ترکیہ نے بھی اسرائیلی انتخابات میں مداخلت کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے۔ترکیہ کے حکومتی سینٹر برائے کاؤنٹر ڈس انفارمیشن نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ بین الاقوامی میڈیا اور سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے ترکیہ کی جانب سے اسرائیلی انتخابات میں مداخلت کے دعوے مکمل طور پر بے بنیاد ہیں۔بیان میں کہا گیا کہ یہ الزامات عوامی رائے متاثر کرنے کے لیے چلائی جانے والی دانستہ گمراہ کن مہم کا حصہ ہیں۔ عوام سے اپیل کی گئی کہ وہ ایسی جھوٹی خبروں اور الزامات پر یقین نہ کریں۔ترکیہ کا یہ ردعمل ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اسرائیلی داخلی سلامتی کی ایجنسی شن بیت کو ان الزامات کی تحقیقات سونپی گئی ہیں کہ ترکیہ اور قطر سے اسرائیل میں رقوم منتقل کی گئیں تاکہ عرب ووٹروں کے انتخابی فیصلوں پر اثر انداز ہوا جا سکے۔یہ الزامات اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو اور ان کے اتحادیوں کی جانب سے عائد کیے گئے تھے۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.