ترکیہ اور ازبکستان میں سرحدی تجارت تیز بنانے کا معاہدہ طے
انقرہ (مانیٹرنگ ڈیسک) ترکیہ اور ازبکستان نے سرحد پار آنے جانے والی گاڑیوں اور سامان سے متعلق کسٹمز ڈیٹا کا پیشگی الیکٹرانک تبادلہ ممکن بنانے کے لیے اضافی پروٹوکول پر دستخط کردیے۔ترک وزارت تجارت کے مطابق معاہدے پر انقرہ میں ترک وزیر تجارت عمر بولات اور ازبک وزیر خارجہ بختیار سعیدوف نے دستخط کیے۔ اس موقع پر ترک صدر رجب طیب اردوان اور ازبک صدر شوکت مرزیایوف بھی موجود تھے۔شوکت مرزیایوف تنظیمِ ترک ریاستوں کے 13ویں سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے ترکیہ کے دورے پر تھے۔پروٹوکول کے تحت دونوں ممالک کے درمیان آمد و رفت کرنے والی گاڑیوں اور سامان کا ڈیٹا پیشگی شیئر کیا جائے گا، جس سے کسٹمز کلیئرنس تیز کرنے، سرحدی چوکیوں پر انتظار کا وقت کم کرنے اور کسٹمز حکام کے درمیان رابطہ کاری بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ترک وزارت تجارت کے مطابق یہ معاہدہ دوطرفہ کسٹمز تعاون کو مضبوط بنانے اور طریقہ کار میں ہم آہنگی پیدا کرنے کے ساتھ دوطرفہ اور ٹرانزٹ تجارت کو تیز، محفوظ اور پائیدار بنانے میں معاون ہوگا۔