سعودی عرب پر حوثی میزائل حملہ ناکام، فضائی دفاعی نظام نے میزائل تباہ کردیا
ریاض (مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی عرب کے مشرقی علاقے پر حوثی ملیشیا کا میزائل حملہ ناکام بنا دیا گیا، فضائی دفاعی نظام نے بیلسٹک میزائل فضا میں ہی تباہ کردیا۔سعودی فوجی اتحاد کے ترجمان ترکی المالکی کے مطابق حوثی ملیشیا نے مشرقی علاقے کو بیلسٹک میزائل سے نشانہ بنانے کی کوشش کی، جبکہ حوثیوں کے خلاف آپریشن فجر الیمن کامیابی سے جاری ہے۔یمنی فوجی ترجمان ماجد النزیلی نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران حوثی ملیشیا کے خلاف 749 ٹارگٹڈ حملے کیے گئے، جن میں 239 حوثی جنگجو ہلاک اور زخمی ہوئے۔ترجمان کے مطابق کارروائیوں میں حوثی ملیشیا کی 117 گاڑیاں اور دیگر فوجی سازوسامان بھی تباہ کردیا گیا۔