ترکیہ عالمی قوت بن کر ابھرا، پاکستان دوستی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، وزیراعظم

ترکیہ عالمی قوت بن کر ابھرا، پاکستان دوستی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، وزیراعظم

اسلام آباد ( تر کیہ خبر) وزیراعظم شہباز شریف نے جمہوریہ ترکیہ کے قیام کی 103ویں سالگرہ پر ترک حکومت اور عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ صدر رجب طیب اردوان کی قیادت میں ترکیہ ایک مضبوط عالمی قوت بن کر ابھرا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ 29 اکتوبر 1923 کو مصطفیٰ کمال پاشا کی قیادت میں جمہوریہ ترکیہ کی بنیاد رکھی گئی۔ آج ترکیہ معیشت، دفاعی ٹیکنالوجی اور جدید بنیادی ڈھانچے کے شعبوں میں نمایاں مقام رکھتا ہے۔شہباز شریف کے مطابق پاکستان اور ترکیہ کی دوستی تاریخی اور لازوال ہے۔ تحریک خلافت کے دوران برصغیر کے مسلمانوں نے ترک بھائیوں کی حمایت کی، جبکہ ترکیہ نے بھی ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا۔انہوں نے کہا کہ ترکیہ 2005 کے زلزلے کے بعد پاکستان کی مدد کرنے والے اولین ممالک میں شامل تھا۔ 2010 کے سیلاب کے دوران صدر طیب اردوان نے پاکستان کا دورہ کیا، جبکہ ترکیہ نے مظفرگڑھ میں جدید اسپتال کے قیام اور متاثرین کی مدد میں بھی تعاون کیا۔ بھارتی جارحیت کے دوران ترکیہ کی حمایت پاکستانی عوام کے لیے حوصلے کا باعث بنی۔وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات مختلف شعبوں میں فروغ پا رہے ہیں اور مشترکہ دفاعی معاہدہ ایک اہم سنگ میل ہے، جو مشترکہ صلاحیتوں اور علاقائی امن و استحکام کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔شہباز شریف نے پاک ترکیہ اقتصادی شراکت داری مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ کراچی میں طیب اردوان خصوصی اقتصادی زون قائم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے ترک سرمایہ کاروں کو پاکستان میں دستیاب معاشی مواقع سے فائدہ اٹھانے کی دعوت بھی دی۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.