اسحاق ڈار کی آزاد کشمیر قیادت سے ملاقات، ترقیاتی تعاون پر تبادلہ خیال
اسلام آباد (تر کیہ خبر) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے صدر آزاد جموں و کشمیر ڈاکٹر محمد نجیب خان اور وزیراعظم افتخار گیلانی نے ملاقات کی، جس میں آزاد کشمیر کی ترقی، عوامی فلاح و بہبود اور معاشی استحکام سے متعلق امور پر گفتگو کی گئی۔ملاقات میں ترقیاتی منصوبوں کی رفتار تیز کرنے، مقامی تجارت کے فروغ، علاقائی سیاحت کی ترقی اور اہم شاہراہوں کی بروقت تکمیل کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔صدر اور وزیراعظم آزاد کشمیر نے وفاقی حکومت سے معاونت بڑھانے پر زور دیتے ہوئے صحت اور تعلیمی سہولیات کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کی ضرورت اجاگر کی۔اس موقع پر آزاد کشمیر کے عوام سے دیرینہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ اسحاق ڈار نے آزاد کشمیر کی قیادت کے اقدامات پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی امنگوں کے مطابق مؤثر اقدامات جاری رکھنے کی ضرورت ہے۔حکومت پاکستان نے آزاد کشمیر کی ترقی و خوشحالی کے لیے مکمل تعاون جاری رکھنے اور جاری منصوبوں میں معاونت کی یقین دہانی کرائی۔ ملاقات میں وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری بھی شریک تھے۔