ترکیہ اور جرمنی میں افغان غیر قانونی مہاجرین کے خلاف کریک ڈاؤن میں تیزی
استنبول( مانیٹرنگ ڈیسک)ترکیہ اور جرمنی میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان مہاجرین کے خلاف کارروائیوں میں تیزی آ گئی ہے، جہاں مختلف جرائم میں ملوث افراد کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ترک میڈیا کے مطابق سکیورٹی فورسز نے صوبہ آغدیر میں کارروائی کرتے ہوئے انسانی سمگلنگ میں ملوث افراد سمیت متعدد غیر قانونی افغان شہریوں کو گرفتار کیا اور اسلحہ بھی برآمد کیا۔رپورٹس کے مطابق گرفتار افراد کو ڈی پورٹیشن مراکز منتقل کیا گیا، جبکہ رواں سال کے ابتدائی پانچ ماہ میں ہزاروں افغان مہاجرین کی گرفتاری کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔دوسری جانب جرمنی نے بھی سنگین جرائم میں ملوث افغان شہریوں کی ملک بدری میں اضافہ کر دیا ہے اور متعدد افراد کو افغانستان واپس بھیجا جا چکا ہے، جبکہ مزید ملک بدریاں متوقع ہیں۔عالمی میڈیا کے مطابق یہ اقدامات مختلف ممالک میں سکیورٹی اور امیگریشن پالیسیوں کو سخت کرنے کے رجحان کی عکاسی کرتے ہیں۔