ترکیہ خبر

ایران سے معاہدہ نہ ہونے کی صورت میں کشیدگی میں اضافے کا امکان ہے، ٹرمپ کا انتباہ

ایران سے معاہدہ نہ ہونے کی صورت میں کشیدگی میں اضافے کا امکان ہے، ٹرمپ کا انتباہ

واشنگٹن( مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ معاہدہ نہ ہونے کی صورت میں مختلف امکانات موجود رہتے ہیں، تاہم ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ ایران کے ساتھ کسی ممکنہ ڈیل کے تحت تہران کو جوہری ہتھیار رکھنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اگر معاہدہ طے پاتا ہے تو آبنائے ہرمز کو فوری طور پر کھولا جا سکتا ہے۔صدر ٹرمپ نے واضح کیا کہ وہ ایران کے سپریم لیڈر سے ملاقات کے خواہاں نہیں، تاہم اگر معاہدے کی صورتحال بنتی ہے تو ملاقات ممکن ہو سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کے ساتھ ممکنہ معاہدے کی تفصیلات جلد سامنے آ جائیں گی۔لبنان کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ خطے میں امن کا قیام لبنان کے لیے بہتر ہوگا اور وہاں کی صورتحال پر نظر رکھنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے حزب اللہ کے حوالے سے بھی مختلف پہلوؤں پر بات چیت کی ہے۔یوکرین جنگ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ تنازع کے حل کے لیے فریقین کے درمیان بات چیت اور مصالحت ضروری ہے۔ ان کے مطابق اگر یوکرین کے صدر اور روسی صدر ملاقات کریں تو یہ ایک مثبت پیش رفت ہو سکتی ہے۔اس سے قبل بھی میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ امریکی صدر نے اپنے قریبی مشیروں کو بتایا ہے کہ وہ ایران کے ساتھ کشیدگی کو مکمل جنگ میں تبدیل نہیں ہونے دینا چاہتے، جب تک امریکی فوجیوں پر براہِ راست حملے نہ ہوں۔ رپورٹس کے مطابق ان کی پالیسی مشرق وسطیٰ میں بڑے پیمانے پر جنگ سے بچنے اور محدود کشیدگی کو قابو میں رکھنے پر مبنی ہے۔