ایران پر بڑے حملوں کی تیاری کر رہے ہیں: ٹرمپ
واشنگٹن( مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا ایران کے خلاف بڑے پیمانے پر فوجی کارروائی کی منصوبہ بندی کر رہا ہے، جس کا مقصد ایران کو ہتھیار ڈالنے پر مجبور کرنا ہے۔کابینہ اجلاس کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ ایران اشتعال انگیزی کر رہا ہے، جبکہ مذاکراتی معاہدے پر اعتماد کمزور ہو رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران جھوٹ بولتا ہے اور وعدوں سے پیچھے ہٹ جاتا ہے۔امریکی صدر نے کہا کہ ایران کے خلاف حملوں کا مقصد اس کی طاقت کو محدود کرنا ہے، جبکہ جنگ بندی کی بحالی سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ امریکا صرف فتح چاہتا ہے۔ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکی کارروائیوں سے ایران کو شدید نقصان پہنچا ہے، اس کی بحریہ، فضائیہ اور دفاعی نظام کو بڑا نقصان پہنچا ہے، جبکہ امریکا ایران کو جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرنے دے گا۔انہوں نے کہا کہ اگر ایران کے پاس جوہری ہتھیار موجود ہوتے تو پورا مشرق وسطیٰ تباہی کا شکار ہو سکتا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران پر مزید سخت حملے کیے جائیں گے اور ایک وقت آئے گا جب ایران خود مزید مزاحمت نہ کرنے کا اعلان کرے گا۔امریکی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے صدر ٹرمپ نے ایران کے خلاف کارروائیوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ جنگ امریکا کے حق میں جا رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ایران کے پاس پیچھے ہٹنے کے علاوہ کوئی راستہ باقی نہیں رہے گا اور امریکی حملوں کے باعث اسے بھاری نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔