ٹرمپ کا امریکی میڈیا پر شدید حملہ، رپورٹس کو عملی غداری قرار دے دیا
واشنگٹن( مانیٹرنگ ڈیسک) ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف امریکا اور اسرائیل کی جنگ سے متعلق کوریج پر امریکی میڈیا کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے بعض رپورٹس کو عملی غداری قرار دے دیا ہے۔اپنے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ٹرتھ سوشل پر جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ ایسی خبریں جن میں یہ تاثر دیا جا رہا ہے کہ تہران عسکری لحاظ سے واشنگٹن سے بہتر پوزیشن میں ہے، درحقیقت دشمن کی مدد کے مترادف ہیں۔ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اس قسم کی رپورٹنگ ایران کو جھوٹی امید فراہم کر رہی ہے، حالانکہ ان کے بقول ایران کے پاس ایسی کسی امید کی کوئی گنجائش نہیں ہونی چاہیے۔انہوں نے امریکی میڈیا کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کچھ عناصر اپنے ہی ملک کے خلاف کھڑے ہیں اور صرف ناکام، ناشکرے اور ناسمجھ لوگ امریکا کے خلاف دلائل دے سکتے ہیں۔رپورٹس کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ کے دیگر اعلیٰ عہدیدار بھی حالیہ دنوں میں جنگ سے متعلق تنقیدی کوریج پر میڈیا اداروں پر تنقید کرتے رہے ہیں۔ اس دوران سی این این نے نامعلوم حکام کے حوالے سے دعویٰ کیا کہ صدر ٹرمپ نے امریکی محکمہ انصاف پر زور دیا کہ ایران جنگ کی رپورٹنگ کرنے والے صحافیوں کو طلب کیا جائے تاکہ ان کے خفیہ ذرائع تک رسائی حاصل کی جا سکے۔سیاسی مبصرین کے مطابق صدر ٹرمپ اور امریکی میڈیا کے درمیان کشیدگی ایک بار پھر شدت اختیار کر گئی ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب ایران اور امریکا کے درمیان جنگی اور سفارتی صورتحال عالمی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔