ٹرمپ کو ایران جنگ جلد ختم ہونے کی امید، خلیجی رہنماؤں سے ملاقات متوقع
واشنگٹن( مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امید ظاہر کی ہے کہ ایران کے خلاف جاری جنگ اختتام کے قریب پہنچ رہی ہے، تاہم تنازع کے فوری خاتمے کے واضح آثار تاحال سامنے نہیں آئے۔فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق ٹرمپ نے کہا کہ انہیں جنگ کے خاتمے کی جانب پیش رفت کی توقع ہے۔ یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران جنگ ساتویں ماہ میں داخل ہوچکی ہے۔دوسری جانب امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ٹرمپ آئندہ منگل کو نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر خلیجی ممالک کے رہنماؤں سے ملاقات کرسکتے ہیں۔رپورٹ کے مطابق ممکنہ ملاقات میں ایران جنگ اور تنازع کے بعد کی صورتحال سے متعلق امریکی حکمت عملی پر بات چیت متوقع ہے، تاہم ملاقات کے حتمی انتظامات اور ایجنڈے کی تفصیلات ابھی سامنے نہیں آئیں۔ایران جنگ کے ساتویں ماہ میں داخل ہونے کے باوجود مستقل جنگ بندی اور تنازع کے خاتمے سے متعلق صورتحال غیر یقینی ہے، جبکہ خطے کے ممالک ممکنہ جنگ کے بعد کے سیاسی اور سکیورٹی اثرات کا بھی جائزہ لے رہے ہیں۔