واشنگٹن( مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امید ظاہر کی ہے کہ ایران کے ساتھ جاری مذاکرات کے نتیجے میں آئندہ ایک ہفتے کے دوران اہم معاہدہ طے پا سکتا ہے، جس سے خطے میں کشیدگی میں مزید کمی آنے کا امکان ہے۔ایک امریکی نشریاتی ادارے کو دیے گئے انٹرویو میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ مجوزہ معاہدے کے تحت جنگ بندی کے موجودہ انتظام کو مزید مدت کے لیے برقرار رکھنے پر اتفاق ہو سکتا ہے۔ ان کے مطابق اس پیش رفت سے سمندری تجارت کے لیے اہم آبی گزرگاہ کو دوبارہ بحری آمدورفت کے لیے کھولنے کی راہ بھی ہموار ہوگی۔امریکی صدر نے کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان رابطے اور مذاکرات تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بعض پیغامات یا رابطوں میں تعطل آنے کے باوجود مذاکراتی عمل جاری ہے اور اسے مثبت انداز میں آگے بڑھایا جا رہا ہے۔ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ رابطوں میں عارضی وقفے کا مطلب یہ نہیں کہ امریکا دوبارہ فوجی کارروائیوں کی جانب جائے گا۔ ان کے مطابق موجودہ ترجیح سفارتی ذرائع سے مسائل کا حل تلاش کرنا اور خطے میں استحکام کو فروغ دینا ہے۔سیاسی مبصرین کے مطابق اگر دونوں ممالک کے درمیان معاہدہ طے پا جاتا ہے تو اس کے نہ صرف علاقائی بلکہ عالمی معیشت اور توانائی کی منڈیوں پر بھی مثبت اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔