ٹرمپ نے ترکیے کو ایف 35 جنگی طیاروں کی فروخت پر نیتن یاہو کے اعتراض کو مسترد کر دیا
واشنگٹن( مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ترکیے کو ایف 35 جنگی طیاروں کی ممکنہ فروخت پر اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کے اعتراض کو مسترد کر دیا۔امریکی میڈیا کے مطابق ایئر فورس ون میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ کوئی بھی انہیں یہ نہیں بتا سکتا کہ امریکا کو کیا فروخت کرنا چاہیے۔ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ترکیے امریکا کا اہم اتحادی ہے، ترک صدر رجب طیب اردوان نے شام کے معاملے میں اچھا کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ ترکیے اور اسرائیل کے درمیان اختلافات موجود ہیں، تاہم ترکیے ایک طاقتور ملک ہے جس کے پاس مضبوط فوج اور دفاعی صلاحیتیں ہیں۔امریکی صدر نے کہا کہ ترکیے امریکا کا بہترین اتحادی ہے اور ایف 35 طیاروں کی فروخت کے معاملے پر غور کیا جا سکتا ہے۔واضح رہے کہ رواں ماہ نیٹو سربراہی اجلاس کے موقع پر بھی ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ امریکا ترکیے پر عائد پابندیاں ختم کر رہا ہے اور ایف 35 پروگرام میں دوبارہ شمولیت کے معاملے کا جائزہ لیا جائے گا۔دوسری جانب اسرائیل کئی بار ترکیے کو ایف 35 طیاروں کی فراہمی پر تحفظات کا اظہار کر چکا ہے۔ اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کا مؤقف ہے کہ ترکیے کی موجودہ پالیسیوں کے باعث جدید جنگی طیاروں کی فراہمی خطے میں طاقت کے توازن کو متاثر کر سکتی ہے۔یاد رہے کہ 2019 میں ٹرمپ انتظامیہ نے روس سے ایس 400 دفاعی نظام خریدنے کے فیصلے کے بعد ترکیے کو ایف 35 پروگرام سے خارج کر دیا تھا۔