مجتبیٰ خامنہ ای کے زندہ ہونے کے امکانات کم ہیں:ٹرمپ کا دعویٰ
واشنگٹن( مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ 90 فیصد امکان ہے کہ ایرانی سپریم لیڈر کے بیٹے مجتبیٰ خامنہ ای اب زندہ نہیں ہیں۔امریکی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں ٹرمپ نے کہا کہ ایران کی فوجی صلاحیتوں کو شدید نقصان پہنچا ہے اور اس کی بحریہ، فضائیہ اور فضائی دفاعی نظام بڑی حد تک تباہ ہو چکے ہیں۔انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ ایران کی اعلیٰ قیادت کے بیشتر رہنما مارے جا چکے ہیں، جبکہ ان کے بقول 90 فیصد امکان ہے کہ مجتبیٰ خامنہ ای بھی ہلاک ہو چکے ہیں۔دوسری جانب ایران کی جانب سے اس دعوے کی تصدیق نہیں کی گئی۔ ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ مجتبیٰ خامنہ ای فضائی حملے میں زخمی ہونے کے بعد زیرِ علاج ہیں۔یاد رہے کہ مجتبیٰ خامنہ ای رواں ماہ ایران اور عراق میں اپنے والد کی آخری رسومات میں بھی شریک نہیں ہوئے تھے، جس کے بعد ان کی صحت اور موجودگی سے متعلق مختلف قیاس آرائیاں سامنے آ رہی ہیں۔