امریکا ایران جنگ جیت چکا، ٹرمپ کا دعویٰ
واشنگٹن( مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران پر حملے کا فیصلہ درست تھا اور امریکا ایران کے خلاف جنگ پہلے ہی جیت چکا ہے۔ایک انٹرویو میں ٹرمپ نے کہا کہ وہ یوکرین کی جنگ ختم کرنا چاہتے ہیں، جبکہ مصنوعی ذہانت اگر انسانیت کے لیے خطرہ بنی تو اسے روکنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔ٹرمپ نے امریکی ہتھیاروں کے ذخائر کم ہونے سے متعلق خبروں کو مسترد کرتے ہوئے انہیں غداری قرار دیا۔ انہوں نے اپنے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم پر کہا کہ یہ رپورٹس سو فیصد غلط ہیں، امریکی فوج کے پاس گولہ بارود کی وافر مقدار موجود ہے اور ہتھیاروں کی تیاری میں بھی تیزی لائی جا رہی ہے۔امریکی صدر نے برطانیہ کو بھی شدید مشکلات کا شکار قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک کو توانائی اور غیر ملکیوں کی آمد کے سنگین مسائل درپیش ہیں۔ ان کے مطابق برطانیہ میں توانائی کی قیمتیں ضرورت سے تین سے چار گنا زیادہ ہیں۔ٹرمپ نے کہا کہ برطانیہ کو شمالی سمندر کے تیل اور گیس کے ذخائر سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے، بصورت دیگر دنیا بھر سے لوگوں کی آمد جاری رہنے کی صورت میں برطانیہ اپنی قومی شناخت کھو سکتا ہے