پاک بھارت جنگ میں 11 طیارے تباہ ہوئے تھے:ٹرمپ کا دعویٰ

پاک بھارت جنگ میں 11 طیارے تباہ ہوئے تھے:ٹرمپ کا دعویٰ

واشنگٹن( مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر پاکستان اور بھارت کے درمیان گزشتہ برس ہونے والی جنگ کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ اس تنازع کے دوران دونوں ممالک کے مجموعی طور پر 11 طیارے تباہ ہوئے تھے، جبکہ بروقت سفارتی کوششوں کے باعث ممکنہ ایٹمی تصادم کو بھی روک لیا گیا۔امریکی میڈیا سے گفتگو میں ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی انتہائی خطرناک مرحلے میں داخل ہو چکی تھی، تاہم جنگ بندی کی کوششوں نے صورتحال کو مزید بگڑنے سے بچا لیا۔انہوں نے کہا کہ اگر بروقت مداخلت نہ کی جاتی تو اس تنازع کے نتائج انتہائی تباہ کن ہو سکتے تھے۔ ان کے بقول، جنگ بندی کے باعث لاکھوں نہیں بلکہ تقریباً تین کروڑ افراد کی جانیں ممکنہ خطرات سے محفوظ رہیں۔امریکی صدر نے مزید دعویٰ کیا کہ پاکستان کے وزیراعظم نے بھی ان سے گفتگو کے دوران اس مؤقف کی تائید کی اور کہا کہ جنگ کے خاتمے سے کروڑوں انسانوں کی زندگیاں محفوظ ہوئیں۔واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اس سے قبل بھی متعدد مواقع پر پاک بھارت کشیدگی میں امریکی سفارتی کردار اور جنگ بندی کی کوششوں کا ذکر کر چکے ہیں، جبکہ دونوں ممالک کی جانب سے مختلف مواقع پر اس حوالے سے الگ الگ مؤقف اختیار کیا گیا ہے۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.