سعودی عرب حوثیوں کے خلاف اسرائیلی پیشکش قبول کرے، ٹرمپ کا مشورہ
واشنگٹن( مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ سعودی عرب کو یمن کے حوثیوں کے خلاف جنگ میں مدد فراہم کرنے کی اسرائیلی پیشکش قبول کر لینی چاہیے۔وائٹ ہاؤس میں صحافیوں نے ٹرمپ سے سوال کیا کہ آیا سعودی عرب کو اسرائیل کی پیشکش منظور کرنی چاہیے؟ اس پر امریکی صدر نے جواب دیا کہ ہاں، بالکل ایسا ہی کرنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل سعودی عرب کے لیے کافی مددگار ثابت ہوا ہے۔ایران سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے جنگ کو فوجی مشق قرار دیا اور کہا کہ وہ تہران کی سرگرمیوں اور بیانات سے پوری طرح آگاہ ہیں۔ ان کے بقول، امریکا جانتا ہے کہ ایران کیا کر رہا ہے اور کیا کہہ رہا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ممکن ہے وہ ایرانی قیادت کے معاملے میں کچھ زیادہ آگے بڑھ گئے ہوں۔ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران میں اب کوئی ایسا شخص باقی نہیں رہا جس سے وہ بات کر سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سعودی عرب امریکی حمایت حاصل ہونے پر بہت خوش ہے۔روسی صدر سے متعلق امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ وہ یوکرین کے ساتھ جنگ ختم کرنا چاہتے ہیں۔ ٹرمپ نے یوکرین کی اسٹارلنک تک رسائی محدود کیے جانے سے متعلق کہا کہ اس معاملے میں نہ ان کا اور نہ ہی ایلون مسک کا کوئی کردار تھا۔ ان کے مطابق یوکرین کی اسٹار شیلڈ نظام تک رسائی محدود کرنے میں بھی امریکا ملوث نہیں۔امریکی صدر نے مزید کہا کہ روس اور چین کے ساتھ جوہری ہتھیاروں سے متعلق معاہدہ کیا جائے گا۔