یورپی یونین کا سپیس ایکس پر انحصار کم کرنے کا منصوبہ، منظوری کے لیے مذاکرات جاری

یورپی یونین کا سپیس ایکس پر انحصار کم کرنے کا منصوبہ، منظوری کے لیے مذاکرات جاری

برسلز( مانیٹرنگ ڈیسک)یورپی یونین امریکی سیٹلائٹ کمپنی سپیس ایکس کا متبادل تیار کرنے کے لیے اپنے سیٹلائٹ منصوبے کی مسابقتی قوانین کے تحت جلد منظوری حاصل کرنے کی غرض سے شراکت دار کمپنیوں لیونارڈو ایس پی اے، ایئربس ایس ای اور تھیلز ایس اے سے مذاکرات کر رہی ہے۔عالمی میڈیا کے مطابق بلومبرگ نے معاملے سے واقف ایک عہدیدار کے حوالے سے بتایا ہے کہ یورپی یونین اس منصوبے کو سپیس ایکس کے متبادل کے طور پر دیکھ رہی ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ ایک سال سے جاری مذاکرات میں منصوبے سے متعلق مسابقتی خدشات کی نشاندہی اور ان کے حل پر توجہ دی گئی، تاکہ منظوری کے لیے باضابطہ درخواست جمع کرانے سے پہلے ممکنہ رکاوٹیں دور کی جا سکیں۔عہدیدار کے مطابق متعلقہ کمپنیوں نے تاحال درخواست جمع نہیں کرائی، تاہم یورپی یونین کے حکام کو امید ہے کہ آئندہ چند ہفتوں میں درخواست دے دی جائے گی۔پروجیکٹ برومو کے نام سے معروف اس منصوبے کو یورپی کمیشن کی صدر ارسلا وان ڈیر لیین نے ایک ممکنہ یورپی چیمپئن قرار دیا ہے۔ منصوبے کا مقصد ایسی کمپنی قائم کرنا ہے جو یورپ کو ایلون مسک کی سپیس ایکس سمیت امریکی سیٹلائٹ فراہم کرنے والی کمپنیوں پر انحصار کم کرنے میں مدد دے سکے۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.