امریکی ریاست اوریگون کے اسکول میں فائرنگ، چار افراد ہلاک، حملہ آور بھی مارا گیا
واشنگٹن ( مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی ریاست اوریگون کے ایک اسکول میں فائرنگ کے نتیجے میں چار افراد ہلاک ہوگئے، جبکہ حملہ آور بھی مارا گیا ہے۔عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ اوریگون کے شہر بینڈ میں واقع سلور ریل ایلیمنٹری اسکول میں پیش آیا۔ بینڈ پولیس کی ترجمان شیلا ملر نے حملہ آور کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔رپورٹ کے مطابق پولیس کے اسکول میں داخل ہونے کے کچھ دیر بعد حملہ آور زمین پر گرتا ہوا دکھائی دیا۔ اسے گولی لگی تھی، تاہم تاحال یہ واضح نہیں ہوسکا کہ اسے پولیس نے نشانہ بنایا، کسی دوسرے شخص نے گولی ماری یا اس نے خودکشی کی کوشش کی۔شہری انتظامیہ کے مطابق واقعے کے بعد پولیس اہلکاروں نے اسکول کی عمارت اور تمام کمروں کی تلاشی لی اور وہاں موجود افراد کو بحفاظت باہر نکال لیا۔ اسکول میں سکیورٹی برقرار ہے، جبکہ قریبی علاقے میں بھی حفاظتی انتظامات سخت کردیے گئے ہیں۔پولیس ترجمان شیلا ملر نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی اپنے شہر میں ایسا سانحہ پیش آتے نہیں دیکھنا چاہتا، یہ انتہائی افسوسناک واقعہ ہے۔آخری اطلاعات تک حملہ آور کی شناخت سامنے نہیں آسکی تھی، جبکہ فائرنگ کے محرکات اور ہلاک ہونے والے افراد کے نام بھی ظاہر نہیں کیے گئے تھے۔حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ اوریگون کے محکمہ تعلیم کے مطابق اسکول میں 459 طلبہ زیر تعلیم ہیں، جہاں کنڈرگارٹن سے پانچویں