فرانس اور اسپین میں جنگلاتی آگ بے قابو، ہزاروں متاثر
پیرس( مانیٹرنگ ڈیسک) فرانس اور اسپین کے جنگلات میں لگی شدید آگ مسلسل پھیل رہی ہے، جس پر قابو پانے کے لیے فائر فائٹرز کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق دونوں ممالک میں آگ بجھانے کی کارروائیاں جاری ہیں، تاہم حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ صورتحال پر مکمل قابو پانے میں کئی ماہ لگ سکتے ہیں۔رپورٹس کے مطابق فرانس میں پھیلنے والی آگ دارالحکومت پیرس سے چار گنا زیادہ رقبے تک پہنچ چکی ہے، جبکہ تقریباً سوا 2 لاکھ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونا پڑا ہے۔اسپین میں بھی میڈرڈ کے اطراف اور ویلنشیا کے علاقوں میں جنگلاتی آگ پر قابو نہیں پایا جا سکا۔ حکام نے 80 ہزار افراد کو نقل مکانی کی ہدایت کی ہے، جبکہ مزید 30 ہزار افراد کو گھروں تک محدود رہنے کا حکم دیا گیا ہے۔اسپین کے وزیراعظم پیڈرو سانچیز نے کہا ہے کہ ملک کو محض آگ لگنے کے واقعات کا نہیں بلکہ ایک ماحولیاتی ہنگامی صورتحال کا سامنا ہے۔حکام کے مطابق متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں اور فائر فائٹرز آگ کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے مسلسل کوششیں کر رہے ہیں۔