عوامی مینڈیٹ والوں کو دھمکیوں سے نہیں ڈرایا جاسکتا: سہیل آفریدی
پشاور( تر کیہ خبر) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ ان کی حکومت عوامی مینڈیٹ کے ذریعے اقتدار میں آئی ہے اور اس کی تمام پالیسیاں عوامی مفاد کو سامنے رکھ کر بنائی جانی چاہئیں۔ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ عوام کے ووٹ سے اقتدار میں آنے والے 11 ارب روپے کا جہاز اور مہنگی گاڑیاں نہیں منگواتے۔ ان کے مطابق ایس سی او کانفرنس کیلئے وفاقی حکومت نے 6 ارب روپے کی گاڑیاں منگوائیں، جبکہ ملک پہلے ہی قرضوں کے بوجھ تلے دبا ہوا ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنک بسوں میں خواتین کیلئے کرایہ 25 فیصد کم کیا جائے گا، جبکہ خیبرپختونخوا میں چادر اور چار دیواری کا احترام کیا جاتا ہے اور ہر شہری کی عزت ہے۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کو تین صوبوں سے خطرہ ہونے کی بات نہیں کی جائے گی اور نہ ہی وفاقی حکومت کی طرح ڈان لیکس کی جائیں گی۔سہیل آفریدی نے کہا کہ انہوں نے وعدہ کیا تھا کہ موجودہ سال خیبرپختونخوا میں ترقی اور خوشحالی کا سال ہوگا۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فوج اور پولیس کے اہلکار شہید ہوئے ہیں اور صوبے کے عوام بھی دہشت گردی کے باعث مسلسل جانی نقصان اٹھا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اب بند کمروں میں بیٹھ کر پالیسیاں بنانے کا سلسلہ نہیں چلے گا بلکہ پالیسی میں تبدیلی لائی جائے گی تاکہ خیبرپختونخوا کے عوام کا مزید خون نہ بہے۔ ان کے بقول ضرورت پڑی تو بغاوت بھی کی جائے گی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ 4 اکتوبر کو لانگ مارچ ہوگا اور کوئی دھمکی، بندوق یا ڈنڈا انہیں اپنے مؤقف سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ مقصد بڑا ہے اور اقتدار کی کرسی کی ان کے نزدیک کوئی اہمیت نہیں۔سہیل آفریدی نے مزید کہا کہ جو لوگ دوسروں کے سہارے اقتدار میں آتے ہیں، انہیں دھمکیاں دی جائیں، عوامی مینڈیٹ کے ذریعے آنے والوں کو نہیں۔ انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ میں عوام کی بڑی تعداد شریک ہوگی اور عوام کے نکلنے سے پاکستان کی تاریخ اور تقدیر بدل جائے گی۔واضح رہے کہ پی ٹی آئی نے 4 اکتوبر کو پشاور سے لانگ مارچ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔