ٹانک میں خودکش حملہ آور بارودی مواد پھٹنے سے ہلاک

ٹانک میں خودکش حملہ آور بارودی مواد پھٹنے سے ہلاک

ٹانک( تر کیہ خبر) خیبرپختونخوا کے ضلع ٹانک میں پٹوارخانے کو نشانہ بنانے کی کوشش کرنے والا فتنۃ الخوارج سے وابستہ مبینہ خودکش حملہ آور راستے میں بارودی مواد پھٹنے کے باعث ہلاک ہوگیا۔ذرائع کے مطابق حملہ آور پٹوارخانے کی طرف جارہا تھا کہ راستے میں اس کے پاس موجود دھماکا خیز مواد اچانک پھٹ گیا، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔دھماکے کی شدت سے سرکاری پٹوارخانے کے قریب واقع 2 گھروں کو بھی نقصان پہنچا اور دونوں مکانات کی دیواریں گر گئیں۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعے کا تعلق بھتہ خوری کے تنازع سے بھی جوڑا جارہا ہے اور حملہ آور مبینہ طور پر پٹوارخانے کو نشانہ بنانے کی کوشش کررہا تھا۔واقعے کے بعد سکیورٹی اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرنا شروع کردیے۔ حکام کی جانب سے دھماکے کی نوعیت اور واقعے کے دیگر پہلوؤں کی تحقیقات جاری ہیں۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.