جرمن ریاست نارتھ رائن ویسٹ فیلیا کے وزیراعظم کا کسٹمز یونین اصلاحات پر زور

جرمن ریاست نارتھ رائن ویسٹ فیلیا کے وزیراعظم کا کسٹمز یونین اصلاحات پر زور

استنبول( تر کیہ خبر) جرمن ریاست نارتھ رائن ویسٹ فیلیا کے وزیراعظم ہنڈریک ووست نے یورپی یونین اور ترکیہ کے درمیان کسٹمز یونین میں اصلاحات اور ویزا طریقہ کار کو بہتر بنانے پر زور دیا ہے۔ترکیہ کے دورے کے دوران امریکی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بیان میں ہنڈریک ووست نے کہا کہ جرمنی کا کوئی بھی خطہ ترکیہ کے ساتھ سماجی اور معاشی طور پر نارتھ رائن ویسٹ فیلیا جتنا قریبی تعلق نہیں رکھتا۔انہوں نے کہا کہ ترکیہ کے ساتھ یہ مضبوط تعلق ایک طاقت ہے، جسے مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ اس مقصد کیلئے یورپی یونین اور ترکیہ کی کسٹمز یونین میں اصلاحات اور ویزا طریقہ کار میں بہتری ضروری ہے۔ہنڈریک ووست نے کہا کہ وہ اس حوالے سے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔ انہوں نے دورہ ترکیہ کے پہلے روز انقرہ میں صدر رجب طیب اردوان سے بھی ملاقات کی۔جرمن ریاست کے وزیراعظم کے مطابق تقریباً 50 منٹ تک جاری رہنے والی ملاقات میں زیادہ تر اقتصادی تعاون اور ترکیہ و نارتھ رائن ویسٹ فیلیا کے باہمی تعلقات پر بات چیت ہوئی، جبکہ انہوں نے کسٹمز یونین کو جدید بنانے کا معاملہ بھی اٹھایا۔واضح رہے کہ جرمنی میں مقیم ترک آبادی کا تقریباً ایک تہائی حصہ نارتھ رائن ویسٹ فیلیا میں رہتا ہے۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.