مارکیٹ متاثر کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی جاری: شیمشیک
استنبول (مانیٹرنگ ڈیسک) ترکیہ کے وزیر خزانہ و مالیات مہمت شیمشیک نے کہا ہے کہ مارکیٹ کو متاثر کرنے والی سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائیاں جاری ہیں۔انہوں نے ترکیہ کے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ن سوشل پر جاری بیان میں یقین دہانی کرائی کہ حکومت ان سرگرمیوں سے غیر متعلق افراد اور کمپنیوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کرے گی۔مہمت شیمشیک نے کہا کہ ترکیہ کے حقیقی معاشی شعبے میں سرمایہ کاری، روزگار، پیداوار اور برآمدی صلاحیت کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے بتایا کہ حکام وزارتِ انصاف کے تعاون سے سرمایہ کاری فنڈز کے حصص رکھنے والے افراد کے جائز حقوق کا تحفظ کر رہے ہیں۔ترک وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت مالیاتی نظام اور حقیقی معیشت پر منفی اثرات روکنے کے لیے ضروری اقدامات جاری رکھے گی، جن میں خصوصاً مارکیٹ کو مناسب مالی وسائل کی فراہمی شامل ہے۔