بچوں کو آن لائن خطرات سے تحفظ دینے کیلئے عالمی معیار کا مطالبہ
انقرہ (تر کیہ خبر) بیلجیئم کی ملکہ میتھلڈ اور متعدد عالمی رہنماؤں کی اہلیہ نے بچوں کو آن لائن خطرات سے محفوظ رکھنے کے لیے مضبوط بین الاقوامی معیارات وضع کرنے پر زور دیا ہے۔نیویارک میں اقوام متحدہ کے صدر دفتر میں 81ویں جنرل اسمبلی کے اعلیٰ سطحی ہفتے کے موقع پر ’’پوشیدہ ڈھانچہ: بچوں کے لیے محفوظ ڈیجیٹل نظام کی تشکیل، بین الاقوامی معیارات اور مشترکہ ذمہ داری کا فروغ‘‘ کے عنوان سے اجلاس منعقد ہوا۔یہ اجلاس ترک وزارت برائے خاندانی و سماجی خدمات نے ترک خاتون اول امینہ اردوان کی سرپرستی میں اقوام متحدہ کے ادارہ برائے اطفال اور بچوں کے خلاف تشدد سے متعلق اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے کے دفتر کے تعاون سے منعقد کیا۔ تقریب میں ترک وزیر خاندانی و سماجی خدمات ماہینور اوزدمیر گوکتاش نے بھی شرکت کی۔اجلاس کا افتتاح کرتے ہوئے ملکہ میتھلڈ نے خبردار کیا کہ مصنوعی ذہانت میں تیز رفتار پیش رفت بچوں کے لیے نئے خطرات پیدا کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ بچوں کو عالمی ٹیکنالوجی کے تجربے کا حصہ یا ایسے کاروباری ماڈلز کے لیے آزمائشی نہیں بننا چاہیے جو معلومات جمع کرنے اور صارفین کی توجہ حاصل کرنے پر مبنی ہوں۔ملکہ میتھلڈ نے زور دیا کہ مصنوعی ذہانت کی حکمرانی میں بچوں کا تحفظ مرکزی مقصد ہونا چاہیے اور اس کے لیے صرف والدین کے نگرانی کے نظام، مواد کی نگرانی اور معلومات کے تحفظ کے اقدامات کافی نہیں ہیں۔