دفاعی صلاحیت اور قومی سلامتی کا تحفظ آذربائیجان کی ترجیح ہے: الہام علیوف
باکو( تر کیہ خبر) آذربائیجان کے صدر الہام علیوف نے کہا ہے کہ ملکی دفاعی صلاحیت مضبوط بنانا اور قومی سلامتی کو یقینی بنانا ریاستی پالیسی کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔آذربائیجان کی سرکاری خبررساں ایجنسی کے مطابق صدر الہام علیوف نے ’’ایڈیکس 2026‘‘ کی چھٹی آذربائیجانی بین الاقوامی دفاعی نمائش اور ’’سیکیوریکس کیسپین 2026‘‘ کی 15ویں سالگرہ کی بین الاقوامی داخلی سلامتی، حفاظتی و امدادی آلات کی نمائش کے شرکا کے نام اپنے پیغام میں یہ بات کہی۔انہوں نے کہا کہ مسلسل اقدامات کے نتیجے میں آذربائیجان کی دفاعی صنعت نے نمایاں ترقی کی ہے اور اب یہ ایک نئے مرحلے میں داخل ہوچکی ہے، جبکہ پیداواری صلاحیتوں میں بھی نمایاں اضافہ ہوا ہے۔صدر کے مطابق مقامی اداروں میں تیار ہونے والی دفاعی مصنوعات ملکی مسلح افواج کی ضروریات پوری کرنے میں اہم کردار ادا کررہی ہیں۔ یہ مصنوعات عالمی منڈیوں میں بھی مسابقت کی صلاحیت رکھتی ہیں اور مختلف ممالک کے متعلقہ ادارے ان میں خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں۔الہام علیوف نے کہا کہ دفاعی صنعت میں آذربائیجان کی کامیابیاں ملک کی فوجی و تکنیکی صلاحیت کو مضبوط بنانے کے ساتھ دوست اور شراکت دار ممالک کے ساتھ تعاون کو مزید گہرا کرنے میں بھی معاون ثابت ہورہی ہیں۔