شکر بیلی، خوجالی اور خوجاوند میں مزید خاندان آباد
باکو( تر کیہ خبر) صدر الہام علیوف کی ہدایت پر آذربائیجان کے قبضے سے آزاد کرائے گئے علاقوں میں شہریوں کی واپسی کا سلسلہ جاری ہے۔آذربائیجان کی سرکاری خبررساں ایجنسی کے مطابق اس مرحلے میں شکر بیلی گاؤں میں 9 خاندانوں کے 60 افراد، خوجالی شہر میں 17 خاندانوں کے 78 افراد اور خوجاوند شہر میں 16 خاندانوں کے 55 افراد کو منتقل کیا گیا ہے۔اپنے آبائی علاقوں میں واپس پہنچنے والے شہریوں نے مکمل سرکاری سہولیات اور تعاون فراہم کرنے پر صدر الہام علیوف اور خاتون اول و نائب صدر مہربان علیوا کا شکریہ ادا کیا۔واپس آنے والے شہریوں نے آذربائیجان کی سرزمین کو قبضے سے آزاد کرانے والی فوج، بہادر فوجیوں اور افسران کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا جبکہ اس جدوجہد میں جانیں قربان کرنے والے شہدا کیلئے دعائے مغفرت کی۔واضح رہے کہ واپس منتقل کیے جانے والے خاندان اس سے قبل ملک کے مختلف علاقوں میں عارضی طور پر رہائش پذیر تھے، جن میں زیادہ تر خاندان ہاسٹلوں، سینیٹوریمز اور انتظامی عمارتوں میں مقیم تھے۔