اسلام آباد( ترکیہ خبر) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔جاری بیان کے مطابق وزیر داخلہ نے کارروائیوں کے دوران 17 دہشتگردوں کی ہلاکت پر سکیورٹی فورسز کی بروقت اور مؤثر حکمت عملی کی تعریف کی۔محسن نقوی نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائیاں کرتے ہوئے دہشتگرد عناصر کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا اور امن و استحکام کے قیام کے لیے اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں انجام دیں۔انہوں نے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر فورسز کے افسران اور جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اپنے بہادر سکیورٹی اہلکاروں پر فخر کرتی ہے۔وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے خاتمے کے لیے قوم سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ملک میں امن کے قیام کے لیے ان کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ دہشتگردی کے ناسور کے خاتمے کے لیے ریاستی اداروں کی کوششیں بھرپور انداز میں جاری رہیں گی۔
پوری قوم اپنے بہادر سکیورٹی اہلکاروں پر فخر کرتی ہے:وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی
واپس خبروں پر
Category:
پاکستان