اسلام آباد( ترکیہ خبر) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور شیخ جراح جابر الاحمد الصباح کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں خطے اور عالمی سطح پر تیزی سے بدلتی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق گفتگو کے دوران کویتی وزیر خارجہ نے امریکا اور ایران کے درمیان رابطوں اور مذاکرات کے فروغ کے لیے پاکستان کی مسلسل سفارتی کوششوں، ثالثی اور سہولت کاری کے کردار کو سراہا۔انہوں نے خطے میں امن، سلامتی اور استحکام کے قیام کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار کی بھی تعریف کی اور اس ضمن میں اسلام آباد کی کاوشوں کو اہم قرار دیا۔اس موقع پر اسحاق ڈار نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے سفارت کاری اور مذاکرات کو ہی مؤثر راستہ سمجھتا ہے اور اس کی حمایت جاری رکھے گا۔دونوں رہنماؤں نے امید ظاہر کی کہ جاری سفارتی کوششیں مثبت نتائج سامنے لائیں گی اور خطے میں دیرپا امن کے قیام کی راہ ہموار ہوگی۔گفتگو کے دوران پاکستان اور کویت کے درمیان برادرانہ تعلقات کا بھی اعادہ کیا گیا، جبکہ دونوں فریقین نے دوطرفہ روابط کو مزید مضبوط بنانے اور مستقبل میں قریبی رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔