مظفر آباد( ترکیہ خبر)آزاد کشمیر میں بعض مقامی شہریوں نے احتجاجی سرگرمیوں اور ہڑتالوں کے باعث سیاحت اور مقامی معیشت پر پڑنے والے اثرات پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔وادی نیلم اور دیگر سیاحتی علاقوں سے تعلق رکھنے والے افراد کا کہنا ہے کہ مسلسل ہڑتالوں اور احتجاجی مظاہروں کے نتیجے میں سیاحتی سرگرمیاں متاثر ہوئی ہیں، جس سے ہوٹلوں، گیسٹ ہاؤسز اور سیاحت سے وابستہ کاروباروں کو مالی نقصان پہنچا ہے۔شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ امن و امان کے قیام اور معاشی سرگرمیوں کی بحالی کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ کاروباری اعتماد بحال ہو سکے۔مقامی آبادی نے خطے کی ترقی اور استحکام کو مشترکہ ذمہ داری قرار دیتے ہوئے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ پرامن اور تعمیری سرگرمیوں کو فروغ دیں اور ایسے اقدامات سے گریز کریں جو کشیدگی میں اضافے کا سبب بنیں۔شہریوں کے مطابق عوامی مسائل کے حل کے لیے آئینی اور پرامن راستہ اختیار کرنا ضروری ہے تاکہ سیاحت، کاروبار اور روزمرہ زندگی مزید متاثر نہ ہو۔