ریاست سب شہریوں کو برابر حقوق دے، مولانا فضل الرحمان
کراچی( ترکیہ خبر)جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ اقلیتوں سمیت تمام شہریوں کو برابر کے حقوق فراہم کرے اور ملک میں امن کے قیام کے لیے مؤثر اور قابلِ اعتماد پالیسی اختیار کرے۔کراچی میں اقلیتوں کے تحفظ اور مذہبی آزادی کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں مختلف مذاہب اور قومیتوں سے تعلق رکھنے والے لوگ آباد ہیں، جبکہ اسلام انسانیت، برداشت اور امن کا درس دیتا ہے۔مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام ہمیشہ تمام طبقات کو ساتھ لے کر چلنے پر یقین رکھتی ہے اور اسی مقصد کے تحت پارٹی میں اقلیتی ونگ بھی قائم کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی جماعت اقلیتوں کے حقوق، تحفظ اور مذہبی آزادی کی مسلسل حمایت کرتی رہی ہے۔انہوں نے ماضی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو کے دورِ حکومت میں جب تعلیمی اداروں کو سرکاری تحویل میں لینے کا عمل جاری تھا، اُس وقت ان کے والد سرحد کے وزیراعلیٰ تھے، جنہوں نے واضح کیا تھا کہ اقلیتی تعلیمی ادارے متعلقہ برادری کی رضامندی کے بغیر سرکاری تحویل میں نہیں لیے جائیں گے۔سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ ان کے اکابرین نے ہمیشہ اقلیتوں کے حقوق اور تحفظ کا درس دیا ہے، جبکہ حقیقی امن اسی وقت ممکن ہے جب شہریوں کی جان، مال، عزت اور آزادی محفوظ ہو۔انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت سندھ سمیت ملک کے مختلف صوبے بدامنی کا شکار ہیں، جبکہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے حالات زیادہ تشویشناک ہیں۔ ان کے مطابق ریاست کو امن کے قیام اور عوام کے تحفظ کے لیے مربوط اور قابلِ اعتماد حکمتِ عملی اپنانا ہوگی تاکہ ملک میں استحکام پیدا کیا جا سکے۔