اسلام آباد ( ترکیہ خبر) وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں (ایس ایم ایز) کی ترقی کے حوالے سے ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں سمیڈا کی جانب سے حکومتی ہدایات پر عملدرآمد سے متعلق پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتیں ملکی معیشت کے استحکام اور برآمدات میں اضافے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معاون خصوصی ہارون اختر اور سمیڈا کی ٹیم آسان قرضوں کی فراہمی، ڈیجیٹل فنانسنگ، رسمی معیشت میں شمولیت اور برآمدی منڈیوں تک رسائی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام کر رہی ہے، جو خوش آئند امر ہے۔وزیرِ اعظم نے سمیڈا اور وزارتِ صنعت و پیداوار کی جانب سے تیار کردہ روڈ میپ کو اطمینان بخش قرار دیتے ہوئے ہدایت کی کہ مقررہ مدت میں قابلِ حصول اہداف کے ساتھ عملی لائحہ عمل پیش کیا جائے۔ انہوں نے کمرشل بینکوں کو بھی ایس ایم ایز کے لیے آسان قرضوں کی فراہمی کے اقدامات مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کی۔اجلاس میں محمد شہباز شریف نے زراعت سے وابستہ پراسیسنگ شعبوں کو بھی ایس ایم ایز کا درجہ دینے کی ہدایت کی جبکہ خواتین کی شمولیت کے لیے کیے گئے اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کی آسان قرضوں تک رسائی اور ان کی مصنوعات کی برآمدات میں اضافے کے لیے اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جائے۔اجلاس کو سمیڈا، وزارتِ صنعت و پیداوار اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے بریفنگ دی گئی، جس میں بتایا گیا کہ وزیرِ اعظم کی ہدایات کے مطابق ایس ایم ایز کی ترقی کے لیے آٹھ تزویراتی شعبوں میں 48 مختلف اقدامات پر عمل جاری ہے، جن کے تحت آئندہ دو سے چار برسوں میں مرحلہ وار ترقیاتی اہداف حاصل کیے جائیں گے۔
ایس ایم ایز ملکی معیشت اور برآمدات میں اضافے کی بڑی صلاحیت رکھتی ہیں، وزیرِ اعظم
واپس خبروں پر
Category:
پاکستان