شہباز شریف، گوتریس ملاقات؛ عالمی امن، فلسطین اور افغانستان پر گفتگو
اسلام آباد( تر کیہ خبر) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے ۸۱ویں اجلاس کے موقع پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات کی، جس میں عالمی و علاقائی امور اور باہمی دلچسپی کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں وزیراعظم نے کثیرالجہتی نظام کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کا اظہار کرتے ہوئے عالمی امن اور ترقی کے فروغ میں اقوام متحدہ کے کردار کو اہم قرار دیا۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے منشور کے بنیادی اصولوں اور مقاصد سے پاکستان کی وابستگی بھی واضح کی۔شہباز شریف نے انتونیو گوتریس کی قیادت کو سراہتے ہوئے انسانی فلاح اور اقوام متحدہ کے منشور پر عملدرآمد کے لیے ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔دونوں رہنماؤں نے مشرق وسطیٰ کی صورتحال سمیت مختلف عالمی اور علاقائی معاملات کا جائزہ لیا۔ وزیراعظم نے کشیدگی کے خاتمے کے لیے مذاکرات اور سفارتی کوششوں کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔وزیراعظم نے فلسطینی عوام کے حق خودارادیت اور آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے پاکستان کی حمایت بھی دہرائی۔ملاقات میں اسلاموفوبیا کے بڑھتے واقعات، خصوصاً پاکستان کے قریبی خطے میں پیش آنے والے واقعات سے سیکرٹری جنرل کو آگاہ کیا گیا۔ وزیراعظم نے اسلاموفوبیا کی روک تھام کے لیے عالمی سطح پر مؤثر اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔افغانستان کی صورتحال اور افغان سرزمین سے ہونے والی دہشت گردی میں اضافے پر بھی دونوں رہنماؤں کے درمیان گفتگو ہوئی۔انتونیو گوتریس نے اقوام متحدہ میں پاکستان کے فعال کردار اور مؤثر آواز کو سراہتے ہوئے عالمی امن و سلامتی کے لیے پاکستان کی خدمات کا اعتراف کیا۔ انہوں نے تنازعات کے پرامن حل اور خطے میں دیرپا امن و استحکام کے لیے پاکستان کی سفارتی اور ثالثی کوششوں کو بھی قابل تحسین قرار دیا۔اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی خدمات اور عالمی امن کے لیے دی جانے والی قربانیوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔