باکو سے بیلم اور ترکیہ تک عالمی موسمیاتی تعاون، توانائی سلامتی پر اہم ماہرین کی گفتگو
باکو( تر کیہ خبر)نیزمی گنجوی بین الاقوامی مرکز کے 37ویں اعلیٰ سطحی اجلاس کے موقع پر ’’باکو سے بیلم اور ترکیہ تک: عالمی تقسیم کے دور میں موسمیاتی تعاون کا تسلسل‘‘ کے موضوع پر مذاکرہ ہوا۔مذاکرے میں باکو سے بیلم اور ترکیہ تک موسمیاتی ایجنڈے کو آگے بڑھانے، جغرافیائی سیاسی تقسیم کے باوجود تعاون برقرار رکھنے، ماحولیاتی تبدیلی سے مطابقت، موسمیاتی مالی معاونت، علاقائی تعاون اور توانائی کے تحفظ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔جارجیا کی سابق نائب وزیراعظم ایکا تکیشیلاشویلی کی زیر صدارت اجلاس میں فن لینڈ کی سابق صدر تاریا ہالونن، سربیا کے سابق صدر بورس تادیچ، ازبکستان کے صدر کے ماتحت حکمت عملی اور علاقائی مطالعات کے ادارے کے سربراہ الدار اریپوف، برطانیہ کے سابق وزیر کرس اسکمور سمیت دیگر ماہرین نے شرکت کی۔بورس تادیچ نے باکو میں ہونے والی موسمیاتی کانفرنس کے بعد برازیل اور ترکیہ میں اس عمل کو جاری رکھنے کی اہمیت اجاگر کی۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے میں عالمی تعاون محض اخلاقی معاملہ نہیں بلکہ معاشی اور سلامتی کا مسئلہ بھی ہے، جس کا مقصد عملی حل تلاش کرنا اور بقا کے لیے مؤثر اقدامات کرنا ہے