قازقستان میں فوجی مشق کے دوران 9 اہلکار جاں بحق، ترکیہ کا اظہار افسوس
استنبول( تر کیہ خبر) ترکیہ نے بحیرہ کیسپیئن کے ساحلی علاقے اکتاؤ کے قریب قازقستان کی بحری افواج کی فوجی مشق کے دوران ہونے والے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ترک وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ 24 ستمبر کو پیش آنے والے افسوسناک واقعے میں جانیں ضائع ہونے پر ترکیہ غمزدہ ہے۔ وزارت نے جاں بحق افراد کے اہل خانہ اور قازقستان کے عوام سے تعزیت کرتے ہوئے مرحومین کے لیے مغفرت کی دعا کی۔قازقستان کے علاقے منگستاؤ میں بحیرہ کیسپیئن کے ساحل پر ہونے والی مشق کے دوران موسم اچانک خراب ہونے اور تیز ہواؤں کے باعث 19 فوجی اہلکار سمندر میں بہہ گئے۔قازقستان کی وزارت دفاع کے مطابق حادثے میں 9 اہلکار ہلاک جبکہ 3 کو بچا لیا گیا، سات اہلکاروں کی تلاش جاری رہی۔ امدادی کارروائیوں کے لیے متعلقہ اداروں کے دستے بھی علاقے میں روانہ کیے گئے۔