آذربائیجان، آرمینیا وزرائے خارجہ کا امن پیش رفت جاری رکھنے پر اتفاق
باکو( تر کیہ خبر)آذربائیجان کے وزیر خارجہ جیہون بائراموف اور آرمینیا کے وزیر خارجہ و بین الاقوامی تجارت ارارات مرزویان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر نیویارک میں ملاقات کی۔دونوں وزرائے خارجہ نے آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان امن کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے 2025ء کے واشنگٹن امن سربراہی اجلاس میں طے پانے والے معاہدوں کے بعد ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا۔مذاکرات میں دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی اور نقل و حمل کے بنیادی ڈھانچے کو بحال اور فعال کرنے کے معاملے پر خصوصی توجہ دی گئی۔ اس سلسلے میں دوطرفہ تجارت اور راہداری روابط کو امن کے عملی ثمرات کی مثال قرار دیا گیا۔دونوں وزرا نے مختلف کثیرالجہتی پلیٹ فارموں پر مثبت ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا اور براہِ راست مذاکرات کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔