ترکیہ کا نتن یاہو پر اقوام متحدہ کے منبر کے غلط استعمال کا الزام

ترکیہ کا نتن یاہو پر اقوام متحدہ کے منبر کے غلط استعمال کا الزام

استنبول( تر کیہ خبر) ترکیہ کے شعبہ اطلاعات کے سربراہ برہان الدین دوران نے کہا ہے کہ اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نتن یاہو کی جانب سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے پلیٹ فارم سے ترکیہ اور صدر رجب طیب اردوان پر بے بنیاد الزامات عائد کرنا عالمی ادارے کے امن، قانون اور مکالمے کے اصولوں سے مطابقت نہیں رکھتا۔ترک عہدیدار نے سماجی رابطے کے ترک پلیٹ فارم ’’این سوشل‘‘ پر جاری بیان میں غزہ میں مبینہ جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم کے الزامات کے سلسلے میں بین الاقوامی فوجداری عدالت کی جانب سے نتن یاہو کے خلاف جاری گرفتاری کے وارنٹ کا حوالہ دیتے ہوئے ان کے اردوان سے متعلق بیانات پر تنقید کی۔برہان الدین دوران نے کہا کہ صدر اردوان کے خلاف نتن یاہو کے بیانات غزہ میں ہونے والی ہلاکتوں، انسانی المیے اور بین الاقوامی قانون کے تحت جاری کارروائیوں کو منظر سے اوجھل نہیں کر سکتے۔انہوں نے کہا کہ عالمی برادری بھی صورتحال کا مشاہدہ کر رہی ہے اور نتن یاہو پہلے کے مقابلے میں زیادہ تنہائی کا شکار ہو چکے ہیں۔ترک عہدیدار نے مزید کہا کہ صدر رجب طیب اردوان کی قیادت میں ترکیہ فلسطینی عوام سمیت مظلوموں کے حقوق، زیادہ منصفانہ دنیا اور امن کے لیے آواز بلند کرتا رہے گا اور ناانصافی و ظلم کے خلاف اپنا مؤقف برقرار رکھے گا۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.