خواجہ آصف: پی ٹی آئی کا اسلام آباد مارچ آخری کوشش ثابت ہوگا

خواجہ آصف: پی ٹی آئی کا اسلام آباد مارچ آخری کوشش ثابت ہوگا

اسلام آباد( تر کیہ خبر) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے اسلام آباد کو سومنات سے تشبیہ دینا اس کی آخری کوشش ہوگی، اس کے بعد اسے وفاقی دارالحکومت کی جانب پیش قدمی کا موقع نہیں ملے گا۔پی ٹی آئی نے ۲۷ ستمبر کو اسلام آباد مارچ کا اعلان کر رکھا ہے، جبکہ وفاقی حکومت کے وزرا واضح کر چکے ہیں کہ مظاہرین کو دارالحکومت میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے خبردار کیا ہے کہ حکومت نے احتجاج روکنے کی کوشش کی تو نوجوان بھرپور ردعمل دیں گے۔ دوسری جانب پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کے صدر اور رکن قومی اسمبلی جنید اکبر نے بھی کہا تھا کہ احتجاج دبانے کی کوشش کی گئی تو اس مرتبہ خاموش نہیں رہیں گے اور اسلام آباد کو سومنات بنا دیں گے۔نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف کے وفد میں شامل خواجہ آصف نے ایک انٹرویو میں کہا کہ اسلام آباد ایک بڑی اسلامی اور ایٹمی ریاست کا دارالحکومت ہے، اسے سومنات سے تشبیہ دینے والوں کے عزائم بھی اسی نوعیت کے ہیں یا نہیں، یہ سوال اہم ہے۔ ان کے مطابق یہ کوشش فیصلہ کن مرحلہ ثابت ہوسکتی ہے اور اس کے بعد ایسے اقدامات کی گنجائش نہیں ہوگی۔وزیر دفاع نے مزید کہا کہ ممکن ہے پی ٹی آئی احتجاج کے لیے آئے ہی نہ، یہ بھی ایک فیصلہ کن بات ہوگی، کیونکہ وفاق اور پاکستان مزید اس نوعیت کے حالات کے متحمل نہیں ہو سکتے۔دوسری جانب پی ٹی آئی کی سابق رہنما فوزیہ قصوری نے کہا کہ احتجاج کی آڑ میں اسلام آباد پر حملے کی بات کرنے والے پاکستان کے خیرخواہ نہیں، ایسے افراد کو گرفتار کرکے افغانستان کی سرحد پار بھیج دینا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ اختلافِ رائے کی بنیاد پر ریاست اور افواج کے خلاف مہم نہیں چلائی جا سکتی، ایسا طرزِ عمل دشمنوں کا کام ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ احتجاج کرنا ہے تو کیا جائے، تاہم خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی کی حکومت ہے اور اسے وہاں اپنی پالیسی عملی طور پر نافذ کرکے دکھانی چاہیے۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.