شہباز شریف کا مولانا فضل الرحمٰن سے رابطہ، پی ٹی آئی لانگ مارچ پر گفتگو

شہباز شریف کا مولانا فضل الرحمٰن سے رابطہ، پی ٹی آئی لانگ مارچ پر گفتگو

اسلام آباد( ترکیہ خبر) وزیراعظم شہباز شریف اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا، جس میں ملکی سیاسی صورتحال اور خیبرپختونخوا کے حالات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے اپنی زیر صدارت اجلاس کے بعد رات گئے مولانا فضل الرحمٰن سے رابطہ کیا۔ گفتگو میں بالخصوص پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ سے متعلق امور زیر بحث آئے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن نے ایک بار پھر زور دیا کہ سیاسی معاملات کو افہام و تفہیم کے ذریعے حل کیا جائے۔وزیراعظم نے مولانا فضل الرحمٰن کی سیاسی خدمات اور مفاہمتی کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت نے مسائل کے سیاسی حل کیلئے ہر ممکن کوشش کی ہے۔ ان کے مطابق پی ٹی آئی کی جانب سے لانگ مارچ پر اصرار اور دہشتگردی کے خلاف اقدامات سے دوری نے مشکلات پیدا کی ہیں۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ مسائل کے حل کیلئے اب بھی وقت ہے اور خیبرپختونخوا حکومت سمیت اپوزیشن کو معاملے کو سنجیدگی سے لینا چاہیے۔ حکومت مذاکرات اور سیاسی حل کیلئے تیار ہے، تاہم اپوزیشن کو وفاق پر چڑھائی سے گریز کرنا ہوگا، کیونکہ اس سے مسائل حل ہونے کے بجائے مزید بڑھیں گے۔شہباز شریف نے کہا کہ وفاقی حکومت نے ملکی معیشت کی بہتری کیلئے بھرپور محنت کی ہے اور حکومت سیاسی استحکام کی خواہاں ہے۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.