پنجاب کے ہر ضلع میں پارکس اتھارٹی قائم کرنے اور 2820 بھرتیوں کی منظوری
لاہور( ترکیہ خبر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے کے ہر ضلع میں پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹیز قائم کرنے اور ان اداروں میں 2 ہزار 820 تکنیکی آسامیوں پر بھرتیوں کی منظوری دے دی۔وزیراعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس میں شجرکاری، پارکوں کی بحالی اور شہروں کو سرسبز و خوبصورت بنانے سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ 10 اضلاع میں پی ایچ اے پہلے سے فعال ہیں، جبکہ مزید 11 اضلاع میں نئی اتھارٹیز قائم کردی گئی ہیں۔فیصلہ کیا گیا کہ مزید 20 اضلاع میں پی ایچ اے کے قیام کیلئے جنوری 2027ء کی ڈیڈ لائن مقرر کی جائے گی، جبکہ دوسرے مرحلے میں پنجاب کی ہر تحصیل میں بھی یہ ادارے قائم کیے جائیں گے۔مریم نواز نے ہر تحصیل، شہر اور گاؤں میں مرحلہ وار شجرکاری اور پھولدار پودے لگانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ پنجاب کے ہر علاقے کو سرسبز اور پھولوں سے مہکتا دیکھنا چاہتی ہیں۔ انہوں نے موسم کے مطابق پھولدار پودے لگانے کیلئے ماہانہ منصوبہ بندی کا حکم بھی دیا۔اجلاس میں ہر ضلع میں پی ایچ اے کے زیر انتظام نرسریاں قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا، جہاں درختوں اور موسمی پھولوں کے پودے تیار کرکے شہریوں کو کم قیمت پر فراہم کیے جائیں گے۔ ہر ضلع میں انتظامی اور تکنیکی عملے کی بھرتیوں کے ساتھ افسران کی کارکردگی جانچنے کیلئے کلیدی کارکردگی اشاریے بنانے اور وسائل سے متعلق منصوبہ پیش کرنے کی ہدایت بھی کی گئی۔بریفنگ کے مطابق لاہور میں سی کیٹیگری کے تمام پارک بحال کردیے گئے ہیں، جبکہ پی ایچ اے کو پارکوں کی خوبصورتی، شہری منظرنامے میں بہتری اور گرین بیلٹس کی بحالی کے اہداف دیے گئے ہیں۔ خیابانِ جناح میں بوگن ویلیا، عطا بخش روڈ پر بانس اور دیگر سڑکوں پر املتاس کے درخت لگائے گئے ہیں، جبکہ صوبے بھر میں میری گولڈ کے مختلف رنگوں کے پھول بھی اگائے جا رہے ہیں۔وزیراعلیٰ نے پی ایچ اے فوڈ کورٹ کے ڈیزائن کی منظوری دی اور عملے و گاڑیوں کیلئے یکساں برانڈنگ متعارف کرانے کا فیصلہ کیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ گھروں میں کام کرنے والے پی ایچ اے ملازمین کو دفاتر واپس بلانے کے احکامات بھی جاری کردیے گئے ہیں۔