شہباز شریف کی سعودی عرب پر حوثی حملوں کی مذمت، مکمل حمایت کا اعلان
اسلام آباد( ترکیہ خبر) وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب پر حوثی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے سعودی قیادت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور ابہا ایئرپورٹ کو نشانہ بنانے کی مذمت کی اور حملوں کے نتیجے میں شہریوں کی ہلاکتوں اور زخمی ہونے پر افسوس کا اظہار کیا۔شہباز شریف نے سعودی مسلح افواج اور اتحادی افواج کی مستعدی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے متعدد بیلسٹک میزائل حملے ناکام بنانے پر سعودی افواج کو خراجِ تحسین پیش کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی کے تحفظ کیلئے پُرعزم ہے۔ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت سعودی عرب کی سلامتی کیلئے پاکستان کا عزم غیر متزلزل ہے، جبکہ پاکستان سعودی عوام، شہروں اور اہم تنصیبات کے دفاع کے حق کی مکمل حمایت کرتا ہے۔انہوں نے حوثی ملیشیا سے فوری طور پر سعودی عرب پر حملے بند کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطرات کے مقابلے میں سعودی عرب کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا رہے گا۔