بھارت خفیہ ہتھکنڈوں اور پراکسیز کے ذریعے پاکستان میں عدم استحکام کی کوشش کر رہا ہے: وزیراعظم
کراچی( ترکیہ خبر) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان میں امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کے لیے خفیہ ہتھکنڈوں اور پراکسی عناصر کے استعمال میں مسلسل اضافہ کر رہا ہے۔پاکستان نیول اکیڈمی میں پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اس وقت اندرونی اور بیرونی نوعیت کے پیچیدہ سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹ رہا ہے۔ ان کے مطابق گزشتہ سال مئی کے تنازع میں شکست کے بعد مشرقی ہمسایہ ملک پاکستان کے امن اور استحکام کو سبوتاژ کرنے کے لیے خفیہ کارروائیوں اور پراکسی نیٹ ورکس کا سہارا لے رہا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ دوسری جانب پاکستان کی مسلح افواج مغربی سرحدوں پر بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا بھرپور مقابلہ کر رہی ہیں، جبکہ پوری قوم اپنی افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان امن، مذاکرات اور سفارت کاری کی پالیسی پر کاربند ہے اور تمام تنازعات کے پرامن حل کا خواہاں ہے۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان کشمیریوں، غزہ اور فلسطین کے عوام کے حقِ خودارادیت اور انصاف کی حمایت جاری رکھے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی سطح پر امن کے فروغ کے لیے کردار ادا کر رہا ہے اور برادر ممالک کے تعاون سے امریکہ اور ایران کے درمیان مفاہمتی پیش رفت بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔وزیراعظم نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے خطے میں امن اور ہم آہنگی کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بدلتی ہوئی علاقائی صورتحال میں سمندری سلامتی انتہائی اہم ہو چکی ہے اور حکومت پاکستان بحریہ کو جدید اور مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔وزیراعظم نے نیول اکیڈمی کے پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ اعلیٰ تربیت اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ ملک کی خدمت کے لیے تیار ہیں۔