شہباز شریف اور سعودی ولی عہد کا را بطہ، حوثی حملوں کی مذمت
اسلام آباد( ترکیہ خبر) وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا، جس میں بحیرۂ احمر میں سعودی تیل بردار جہازوں پر حوثی حملوں سمیت علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی آئل ٹینکروں پر حوثی ملیشیا کے حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات ناقابل قبول ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ کارروائیاں بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی، بحری آمد و رفت کی آزادی کے لیے خطرہ اور خطے کے امن و سلامتی کے لیے نقصان دہ ہیں۔وزیراعظم نے سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس مشکل وقت میں سعودی قیادت اور عوام کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور پوری پاکستانی قوم برادر اسلامی ملک سعودی عرب کی حمایت جاری رکھیں گے۔ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے علاقائی امن، سلامتی اور استحکام کے لیے قریبی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔دونوں رہنماؤں نے بحیرۂ احمر، آبنائے ہرمز اور خطے کے دیگر علاقوں میں قانونی بحری تجارت کی بلا تعطل روانی یقینی بنانے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔