ترکیہ خبر

یورپی ممالک میں اسرائیل کے ساتھ تجارتی معاہدے کی معطلی پر شدید اختلافات

یورپی ممالک میں اسرائیل کے ساتھ تجارتی معاہدے کی معطلی پر شدید اختلافات

دبئی( مانیٹرنگ ڈیسک)یورپی ممالک کے درمیان اسرائیل کے ساتھ تجارتی اور تعاون کے معاہدے کی ممکنہ معطلی کے معاملے پر شدید اختلافات سامنے آ گئے ہیں۔عرب میڈیا کے مطابق اسپین، آئرلینڈ اور سلووینیا نے معاہدے کی معطلی کی تجویز پیش کی ہے تاہم جرمنی اور اٹلی نے اس کی مخالفت کرتے ہوئے اس عمل کو روک دیا ہے۔غزہ اور مغربی کنارے میں جاری صورتحال پر عالمی سطح پر تنقید میں اضافہ ہو رہا ہے جہاں دو ہزار تئیس سے اب تک ہزاروں فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، تاہم یورپی یونین اس معاملے پر مشترکہ مؤقف اختیار کرنے میں ناکام دکھائی دیتی ہے۔اطلاعات کے مطابق دو ہزار میں نافذ ہونے والا یہ معاہدہ اسرائیل کو یورپی منڈی تک آسان رسائی اور کم محصولات کی سہولت فراہم کرتا ہے، جبکہ دو ہزار چوبیس میں دونوں فریقین کے درمیان تجارتی حجم اربوں یورو تک پہنچ گیا۔ذرائع کے مطابق معاہدے کی جزوی معطلی سے اسرائیل کی برآمدات پر اربوں یورو کے اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔معاہدے میں انسانی حقوق کی پاسداری کو بنیادی شرط قرار دیا گیا ہے اور اسی بنیاد پر اس پر نظرثانی کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔ یورپی سطح پر عوامی دباؤ کے تحت لاکھوں دستخط بھی معطلی کے حق میں جمع ہو چکے ہیں۔ماہرین کے مطابق یورپی ممالک کے مختلف تاریخی اور سیاسی مؤقف اس اختلاف کی بنیادی وجہ ہیں، تاہم معاہدے کی معطلی کے لیے تمام رکن ممالک کی متفقہ منظوری درکار ہے جو فی الحال ممکن نظر نہیں آتی۔