خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں کارروائیاں، 7 دہشت گرد ہلاک
راولپنڈی (تر کیہ خبر) سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیاں کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان کے 7 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا کے علاقے باڑہ میں کارروائی کے دوران 5 دہشت گرد مارے گئے، جبکہ ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ کارروائی کے نتیجے میں دہشت گردوں کے ٹھکانے بھی تباہ کر دیے گئے۔دوسری جانب بلوچستان کے ضلع چاغی کے علاقے نوکچہ میں سکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے مزید 2 دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔ ذرائع کے مطابق دہشت گردوں نے خالی پانی کے ٹینکر کو آگ لگانے کے بعد فرار ہونے کی کوشش کی تھی۔سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گرد این 40 شاہراہ کے مختلف مقامات پر آتشزدگی کی کارروائیوں میں بھی ملوث تھے۔ذرائع کے مطابق 31 اگست کو بھی ایسی تخریبی کارروائیوں میں ملوث فتنہ الہندوستان کے 11 دہشت گرد ہلاک کیے گئے تھے۔سکیورٹی فورسز نے دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کارروائیاں آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہیں گی۔