جنگ ستمبر، پاک فوج نے سیالکوٹ محاذ پر بھارتی حملہ ناکام بنا دیا، ما ضی کے جھروکے

جنگ ستمبر، پاک فوج نے سیالکوٹ محاذ پر بھارتی حملہ ناکام بنا دیا، ما ضی کے جھروکے

راولپنڈی (تر کیہ خبر) ستمبر 1965 کی جنگ کے 15ویں روز پاک فوج نے سیالکوٹ سیکٹر میں بھارتی فوج کا ایک اور حملہ پسپا کرتے ہوئے دشمن کو بھاری نقصان پہنچایا، جبکہ مختلف محاذوں پر زمینی اور فضائی کارروائیاں بھی جاری رہیں۔بھارتی فوج کی پہلی کور نے بدیانہ، چونڈا اور ظفروال کی پوزیشنز پر قبضے کا منصوبہ بنایا، تاہم پاک فوج کی سخت مزاحمت کے باعث بھارتی کمان کو حکمت عملی تبدیل کرنا پڑی، جو دوبارہ ناکام ثابت ہوئی۔پسرور کے ہسری نالے پر پاکستانی توپخانے کی فائرنگ سے بھارتی 16 کیولری کے 4 ٹینک تباہ ہوگئے۔ پاک فضائیہ کے 8 سیبر طیاروں نے بھی بھارتی پوزیشنز کو شدید نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں دشمن فوج ہسری نالے سے پسپائی پر مجبور ہوگئی۔پاک فوج نے گدرو سیکٹر میں بھارتی چوکی پر قبضہ کرلیا جبکہ بھارتی فوجی ہتھیار اور دیگر سامان چھوڑ کر فرار ہوگئے۔ راجوڑی سیکٹر میں مجاہدین کے حملے میں بھی 21 بھارتی فوجی ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔اسی دوران پاک بحریہ کی آبدوز غازی معمول کی مرمت مکمل ہونے کے بعد دوبارہ سمندر میں روانگی کیلئے تیار ہوگئی۔دوسری جانب پاک فضائیہ نے سری نگر، آدم پور، جودھ پور، ہلواڑہ اور پٹھان کوٹ میں اہم اہداف کو نشانہ بنایا جبکہ بھارتی کینبرا بمبار طیارہ بھی مار گرایا گیا۔ سیالکوٹ، جموں، واہگہ، اٹاری اور گدرو سیکٹرز میں بھارت کے 22 ٹینک، 51 گاڑیاں اور توپوں کی پوزیشنز تباہ کی گئیں۔راولپنڈی میں خواتین نے زخمیوں کی دیکھ بھال کیلئے اسپتالوں میں اپنی خدمات پیش کردیں، جبکہ بڑی تعداد میں سابق فوجیوں نے بھی افواجِ پاکستان کے ساتھ خدمات انجام دینے کی پیشکش کی۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.