مستونگ میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، 4 دہشت گرد ہلاک
راولپنڈی( تر کیہ خبر) سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کرتے ہوئے مستونگ کے علاقے کھڈ کوچہ میں کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن کے دوران فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 4 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے، جبکہ بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے زیر استعمال موٹر سائیکلیں بھی قبضے میں لے لی گئیں۔ سیکیورٹی فورسز کی مؤثر کارروائی میں متعدد دہشت گردوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں، جبکہ دہشت گردوں کی معاونت میں ملوث کئی مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ علاقے میں سرچ اور کلیئرنس آپریشن جاری ہے اور سیکیورٹی فورسز کی جانب سے مکمل نگرانی برقرار رکھی جا رہی ہے۔ذرائع کے مطابق مستونگ کے علاقے کھڈ کوچہ میں حالیہ دہشت گرد سرگرمیوں کے بعد انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔ سیکیورٹی فورسز کا عزم ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے اور امن و امان کے قیام تک آپریشنز جاری رہیں گے۔