سعودیہ، ترکیہ، پاکستان دفاعی معاہدہ ایران کیلئے خطرہ نہیں، اسماعیل بقائی
تہران( مانیٹرنگ ڈیسک) ترجمان ایرانی وزارت خارجہ اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے درمیان طے پانے والا دفاعی معاہدہ ایران کے لیے خطرہ نہیں۔میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے اسماعیل بقائی نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں عدم استحکام کی بنیادی وجہ امریکا ہے۔ خلیجی ممالک کو چاہیے کہ وہ ایران کے خلاف کارروائیوں کے لیے امریکا کو اپنی سرزمین استعمال کرنے کی اجازت نہ دیں۔انہوں نے کہا کہ اگر کسی تیسرے فریق کی مداخلت نہ ہو تو آبنائے ہرمز کو کھولا جاسکتا ہے۔ ان کے مطابق عمان کے ساتھ طے پانے والا معاہدہ آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت کے تحفظ کی ضمانت نہیں دیتا، جبکہ آبنائے ہرمز سے متعلق عمان کے ساتھ معاہدے میں امریکا شامل نہیں ہے۔