سعودی سیاحت اتھارٹی کا چین میں سیاحتی تعاون بڑھانے پراتفاق
ریاض (مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی عرب کی سیاحت اتھارٹی کے وفد نے چین کا تین روزہ دورہ مکمل کرلیا، جس کے دوران چینی سیاحوں کو سعودی عرب کی جانب راغب کرنے اور دونوں ممالک کے درمیان سیاحتی و تجارتی شراکت داری کے فروغ پر بات چیت کی گئی۔عالمی میڈیا کے مطابق سیاحت اتھارٹی کے سربراہ عقیل الشیبانی کی قیادت میں وفد نے چین کی معروف سفری، سیاحتی اور کاروباری کمپنیوں کے نمائندوں سے ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں میں باہمی تعاون بڑھانے، سیاحتی خدمات کی تقسیم کے ذرائع وسیع کرنے اور چینی سیاحوں کی ضروریات کے مطابق نئی مصنوعات و سہولتیں متعارف کرانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔سعودی وفد نے چین میں سعودی عرب کے معروف سیاحتی مقامات العلا، بحیرہ احمر کا ساحل، امالا، ریاض اور جدہ کے بارے میں معلومات فراہم کیں۔ وفد نے سعودی عرب میں سال بھر منعقد ہونے والے بین الاقوامی کھیلوں، ثقافتی اور تفریحی پروگراموں سے بھی آگاہ کیا۔عقیل الشیبانی نے کہا کہ چین سعودی عرب کے سیاحتی شعبے کے لیے اہم اور تیزی سے ترقی کرنے والی منڈی ہے، 2025 میں چینی سیاحوں کی تعداد میں 48 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان سیاحتی شراکت داری کو مزید وسعت دینے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ سعودی سیاحت اتھارٹی چینی سیاحوں کے لیے سعودی عرب کے سیاحتی مقامات تک رسائی آسان بنانے اور سفری سہولتیں بہتر کرنے کے لیے سرکاری و نجی شعبے کے شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔واضح رہے کہ چین نے سعودی عرب کو اہم سیاحتی منزل کا درجہ دے رکھا ہے اور دونوں ممالک نے اس حوالے سے معاہدے پر بھی دستخط کیے ہیں۔سعودی وزیر سیاحت احمد الخطیب کے مطابق معاہدے سے سعودی عرب میں چینی سیاحوں کی دلچسپی میں اضافہ ہوگا اور سالانہ 30 لاکھ تک چینی سیاح مملکت کا رخ کرسکتے ہیں۔چینی شہری ان ممالک میں شامل ہیں جنہیں سعودی عرب کے ہوائی اڈوں، بندرگاہوں اور بری سرحدی راستوں پر پہنچنے کے بعد سیاحتی ویزا حاصل کرنے کی سہولت حاصل ہے۔